بھٹکل 20/اگست (ایس او نیوز) بھٹکل آزاد نگر سے رات قریب آٹھ بجے ایک آٹھ سالہ بچے کے اغوا کرنے کی واردات پیش آئی ہے جس کو تلاش کرنے کے لئے پولس ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ معصوم بچہ علی ابن اسلام سعدا ایک دکان سے بریڈ لانے کے لئے گیا تھا جس کے دوران وہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔ آس پاس گھروں میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کو کنگھالا گیا تو حیرت انگیز طور پر پتہ چلا کہ رات آٹھ بجے کے قریب ایک ماروتی ایکو وین آ تی ہے، اس میں سے ایک شخص باہر نکلتا ہے اور لڑکے کو اٹھاکر گاڑی میں ڈال دیتا ہے جس کے بعد گاڑی آزاد نگر فرسٹ کراس سے جالی روڈ کی طرف باہر نکلتی ہوئی فرار ہوجاتی ہے۔ پل بھر میں یہ وڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد پورے شہر کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولس کو اطلاع ملتی ہی پولس نے تلاشی مہم شروع کردی۔ شہر میں جگہ جگہ پولس کو تعینات کرتے ہوئے جانچ کی جارہی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ وہ گاڑی شام پانچ بجے سے اسی علاقہ میں چکر لگارہی تھی۔ اغوا کرنے کے دوران ایک ٹو وہیلر کو بھی وین کے پیچھے دیکھا گیا یے۔ پولس نے دوسرے گھروں کے باہر لگے ہوئے سی سی ٹی وی کے فوٹیج بھی حاصل کئے ہیں اور باریک بینی سے چھان بین کی کاروائی جاری ہے۔
واردات کے بعد لڑکے کے گھر کے باہر کافی لوگ جمع ہوگئے، رات قریب تین بجے رپورٹ پوسٹ کئے جانے تک بھی عوام کی کثیر تعداد گھر کے باہر جمع تھی اور لوگ لڑکے کے تعلق سے اچھی خبر ملنے کا انتظار کررہے تھے۔
رات دیر گئے ساحل آن لائن سے فون پر بات کرتے ہوئے سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے بتایا کہ ہم اپنی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں، بہت جلد ہم اغوا کرنے والوں کو پکڑنے میں کامیاب ہوں گے۔